حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر مولوی عمران رضا انصاری نے کہا ہے کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے فرزند حضرت عونؑ اور حضرت محمدؑ نے میدانِ کربلا میں امام حسین علیہ السلام اور حق و عدالت کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وفاداری، شجاعت اور ایثار کی ایسی مثال قائم کی جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق نگین کے علاقے آشائی باغ میں مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس سے آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن کے صدر مولوی عمران رضا انصاری نے خطاب کیا۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت عونؑ اور حضرت محمدؑ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مولوی عمران رضا انصاری نے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے ان عظیم فرزندوں نے کم عمری میں حق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وفاداری اور فداکاری کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے یہ عظیم شہداء اہلِ ایمان کو ہر دور میں دینِ حق پر ثابت قدم رہنے، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور امام حسین علیہ السلام کے مشن سے وابستہ رہنے کا درس دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عونؑ و محمدؑ کی قربانی یہ پیغام دیتی ہے کہ حق و باطل کی جنگ میں عمر نہیں بلکہ ایمان، اخلاص اور مقصد سے وابستگی اہم ہوتی ہے۔ ان کا کردار آج بھی نوجوان نسل کے لیے حوصلے، ایثار اور استقامت کا سرچشمہ ہے۔









آپ کا تبصرہ